الإثنين, 01 كانون2/يناير 2018 13:42

چھِنال (ایک بے باک افسانہ) مہتاب عالم پرویزؔ(کویت) CHINAL BY MAHTAB ALAM PERVEZ - KUWAIT

Rate this item
(0 votes)

 چھِنال

 (ایک بے باک افسانہ)

 مہتاب عالم پرویزؔ  (کویت)

                                                    

          ٭  چننئی سینٹرل کالج کے با لکل سامنے وسیع و عریض پارک میں وہ خوبصورت سی لڑکی خوبصورت سفید بالوں والے ایک کتے کو سیر کروا رہی تھی۔وہ چھوٹا سا کُتا جس کے سفید اور خوبصورت لمبے لمبے گھنے بال اُس کے چہرے کو چُھپائے ہوئے تھے اور اُس کے گلے میں پڑا ہوا وہ خوبصورت سا رنگین پٹہ اُسے اور بھی خوبصورت بنا رہا تھا۔کُتے کے گلے میں پڑے ہوئے رنگین پٹے سے جُڑے ہوئے زنجیر کا دوسرا سرا اُس خوبصورت سی لڑکی کے کیوٹ سے مہندی لگے ہوئے ہاتھوں میں تھا۔

                ایک لمحے کے لئے میرے ذہن میں یہ باتیں کوند سی گئیں کہ کاش یہ کُتے کا رنگین پٹہ میری گردن پہ لگا ہوتااور اس سے جُڑے ہوئے زنجیر کا دوسرا  سرا اُس خوبصورت سی لڑکی کے کیوٹ سے مہندی لگے ہاتھوں میں ہوتا۔

                یہ الگ سی بات ہے کہ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ میں بیوی کے پلوُسے بندھا  ہوا ہوں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ حقیقت تو کچھ اور ہی ہے جس کی گہرائی تک پہنچ پانا کسی عام انسان کے بس کی بات نہیں۔

                لیکن اُس کُتے کو اُس خوبصورت سی لڑکی کے ساتھ دیکھ کر میں بے چین ہو اُٹھا تھا۔اور یہ احساس میرے دل ودماغ پہ چھاسا گیا تھا جیسے کوئی لمحہ کسی انسان کی زندگی میں کتنا فرحت بخش ہوتا ہے اور کتنا پیارا لگنے لگتا ہے۔

                بیوی کے پلوُسے بندھے ہوئے شاید میں اب اُوب چُکا ہوں اور مجھے اب ایسے ہی پٹے کی تلاش ہے۔

                میں سوچ کی دُنیا میں گُم تھا کہ کُتے کے بھونکنے کی آواز نے میرے خیالات کا سلسلہ منتشر کر دیا۔

                وہ خوبصورت سی لڑکی جس کے کیوٹ سے مہندی لگے ہاتھوں میں کُتے کی زنجیر تھی کُتا اُس میلی کچیلی کُتیا کی طرف متوجہ تھا۔اور بے چین ہو ہو کرٹانگ اُٹھا اُٹھا کر وقتاََ فوقتاََ پیشاب کر رہا تھا۔

                کُتے نے جب زنجیر کو جھٹکا دیا اور اُس میلی کُچیلی کُتیا کی طرف جانے لگا تو اُس خوبصورت سی لڑکی نے مزید اُس زنجیر کو اپنی طرف کھینچ لیااور بڑبڑانے لگی......

                جیسے وہ اُس کُتے سے کہہ رہی ہو کہ جب تمہارے سامنے ایک خوبصورت سی کُتیا پہلے سے ہی موجود ہے تو کیوں اُس میلی کچیلی کُتیا کی طرف دیکھ رہے ہو۔

                تم نے دیکھا نہیں مُحلے کے اُن آوارہ کُتوں کو جو  اس میلی کُچیلی کُتیا کے پیچھے لگے رہتے ہیں اور کُتیا ہمیشہ اپنی دُم دبائے  رہتی ہے۔

                حالات کے زیر اثر میں بھی اُس خوبصورت سی ماڈرن لڑکی کے بالکل قریب آگیا تھا اور اتنا قریب کہ میں اُس کی آوازیں صاف سُن سکتا تھا۔ جب اُس خوبصورت سی ماڈرن لڑکی کی نظر مجھ پہ پڑی تو وہ اپنے کُتے سے مخاطب ہو کر اور بھی بولنے لگی تھی......

                ان دنوں میں یہ دیکھ رہی ہوں جب سے تم انسانوں کی اس بھیڑ میں آنے لگے ہو تمہاری عادتیں بھی ان انسانوں جیسی ہونے لگی ہیں۔اور پھر اُس نے اُس خوبصورت کُتے کو اپنی گود میں اُٹھا لیااور بے تحاشا اُسے چومنے لگی ایسا کرتے وقت میں اُس لڑکی کے بے حد قریب تھا۔

                کُتے کو اس طرح بے تحاشا چومنے کا احساس میں اپنے گالوں پہ محسوس کر رہا تھا......

              اور دور کھڑی وہ میلی کُچیلی کُتیا بھونک بھونک کر نہ جانے کس جذبے کا اظہار کر رہی تھی۔ اور میں یہ سوچنے پہ مجبور تھا کہ لڑکی کا اس طرح اُس کُتے کو گود میں اُٹھا

لینا اور اُس کے چہرے کو اس طرح سے چُومنا محلے کی اس میلی کُچیلی کُتیا کو بھی بُرا لگ رہا تھا۔اس لئے وہ بھونک بھونک کر احتجاج کر رہی تھی۔

                وہ میلی کُچیلی سی کُتیا مسلسل بھونکتی رہی.........اور وہ خوبصورت سی لڑکی اپنے کُتے کو اپنی گُود میں اُٹھائے اپنی ایمپورٹڈ کار کی طرٖف لوٹ رہی تھی....جو پہلے سے ہی پارک کے مین گیٹ کے سامنے کھڑی تھی۔

وہ خوبصورت سی لڑکی ابھی کار تک پہنچی بھی نہیں تھی کہ کار کے ڈرائیور نے دروازہ کھول دیا تھا۔وہ خوبصورت سی لڑکی کار کی پچھلی سیٹ پہ جا  دھنسی تھی۔ وہ خوبصورت سا کُتا اب بھی اُس کی گودمیں تھا جسے وہ اور بھی زور سے دبوچے ہوئے تھی اور سرگوشیاں کر رہی تھی اُس کے ساتھ ہی کار کا دروازہ ڈرائیور نے بند کر دیا تھا جس پہ کالا شیشہ چڑھا ہوا تھا اور دبیز پردہ بھی جُھول رہا تھا.......

                اور میری جواں آنکھوں میں وہ قوت کہاں تھی کہ میں کالے شیشے اور دبیز پردے کے اُس پار کے منظر کو اپنی جواں آنکھوں میں قید کر سکوں، لیکن میری سوچ کی دشاؤں کا رُخ کچھ اور ہی تھا۔  اور میری سوچ  میرے اندر کسی گوشے میں جذب ہو کر نئی بے شمار کہانیوں کو جنم دے رہی تھی۔ کہانیاں تو اسی سماج کی پیداوار ہیں اسی معاشرے سے اس کا وجود ہوتا ہے۔ کہانی کار بھلا کیا کر سکتا ہے۔

                .میں کافی دور تک اُسے جاتے ہوئے دیکھتا رہا......

                کُتیا کے بھونکنے کی آوازیں اب بھی میری سماعت سے ٹکرا رہی تھیں........

                میں بھی اپنے کمرے میں لوٹ آیا تھا۔

             اُس رات میں سو نہیں سکا  بلکہ ساری رات کروٹیں بدلتا رہا اور یہی سوچتا رہا کہ کاش میں بیوی کے پلوسے نہ بندھا ہوتا.......

                یہاں آئے ہوئے مجھے تقریباً سات یا آ ٹھ روز ہوگئے تھے۔ ان سات آٹھ دنوں میں وہ خوبصورت سی لڑکی مجھ سے کافی گُھل مل گئی تھی ۔ دو چار ملاقاتوں میں ہی مجھے اس بات کا احساس ہونے لگا تھا کہ وہ لڑکی کافی ماڈرن ہے اور نیلم نام سن کر میں یہی سوچ سکا کہ اس حسین لڑکی کا اتنا ہی حسین نام ہونا چاہئے تھا۔

 

                نیلم کی ایمپورٹڈ چمچماتی گاڑی.......صبح وشام نئے نئے ڈیزائین کے مغربی لباس..... جونیلم کے دلکش وجودکے مخصوص حصوں کو چُھپانے کی کوشش میں مصروف مگر ناکام رہتے تھے......اُس کے وجودسے اُٹھتی  ہُوئی تیز پرفیوم کی خوشبوئیں..... پنسل ہل کے استعمال کی وجہ سے اُس کے جسم کے نشیب و فراز کی تھرکنیں.......

                 نہ جانے کیوں میں اُس کی طرف کھنچتا چلا گیا.......یا پھر اس کی کشش مجھے خودبخود اس کے سحر میں مبتلا کرنے لگی تھی۔

                لیکن یہاں آتے وقت بیوی کی کہی ہوئی وہ ساری باتیں مجھے یاد آتی رہیں....

                آپ جا تو رہے ہیں،لیکن اپنا خیال رکھیں گے۔کہیں ا دھر اُدھر آنا جانا نہیں کریں گے۔کالج جائیں گے اور اپنے کمرے میں واپس لوٹ آئیں گے۔اپنی نگاہوں کو جُھکائے رکھیں گے۔جب بھی کوئی لڑکی آپ کو اپنی طرف متوجہ کرے آپ پہلے ہی کہہ دیں گے کہ میں شادی شدہ ہوں،ایک خوبصورت سی بیوی ہے جو مجھ سے بے انتہا پیار کرتی ہے جو مجھ سے بے پناہ محبت کرتی ہے اور تم سے بھی زیادہ خوبصورت اور حسین ہے اور وہ میرا بہت زیادہ خیال رکھتی ہے۔بس آپ اتنا کہہ دیں گے وہ یقینا آپ سے دور رہنے لگے گی پھر دوبارہ آپ کے قریب بھی نہیں آئے گی۔

                میں نے ایسا ہی کیا....

                میری  بیوی کی کہی ہوئی ساری باتیں نیلم بغور سُنتی رہی اور آخر میں اُس نے سرد آہ بھر کر کہا۔”کہ تم اب بھی بیوی کے پلو سے بندھے ہوئے ہو۔“

                               

                ”کیا تم یہ نہیں چاہتے کہ میں بھی تمہیں اپنے پلو سے باندھ لوں۔“

                ”چاہتا توہوں ِِ،لیکن.......“

                ”لیکن کیا؟ “

                ”مجھے تمہارے کُتے سے بہت ڈر لگتا ہے۔“

                ”اگر ایسا ہے تو لو تمہاری خاطرمیں اس کُتے کو آزاد کرتی ہوں۔“یہ کہتے ہوئے نیلم نے کُتے کا رنگین پٹہ اُس کی گردن سے کھول دیا۔

                کُتا نہ جانے کہاں انسانوں کی اس بھیڑ میں گُم ہو گیا...... جہاں انسان اس پوری بھیڑ میں اپنی پہچان کی تلاش میں بھٹک رہا ہے بھیڑ موجود ہے لیکن اُس کا چہرہ....... گردنوں کے اوپر جانوروں کے خوفناک چہرے ٹکائے لوگ ایک دوسرے کو بھنبھوڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔

                 لیکن میں خوش تھابہت خوش تھا اور سوچ رہا تھا کہ اب میں اپنا مقام بنا لوں گا۔

                ”چلو اب گھر چلتی ہوں۔“

                ”کہاں؟ “

               ”وہ دیکھو وہ سامنے جو خوبصورت سی حویلی ہے، وہ میری ہے۔پاپا ان دنوں ممی کے علاج کے لئے امریکہ گئے ہوئے ہیں۔ بڑے بھائی لندن میں پڑھتے ہیں۔اور میں بالکل تنہا ہوں۔ ویسے میری حویلی میں ڈھیر سارے نوکر چاکر ہیں لیکن پھر بھی میں اپنے آپ کو تنہا محسوس کرتی ہوں، کاش کہ تم میرے جذبات و احساسات کو سمجھ پاتے.....“

                میں نے دل ہی دل میں کہا کاش کہ تم بھی میرے جذبات واحساسات کو سمجھ پاتیں۔

             ”لیکن نیلم میں نے تم سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ میں شادی شدہ  ہوں اور ایگزام کے سلسلے میں تمہارے شہر میں کُچھ دنوں کے لئے آیا ہوا ہوں.....“

                یہ تو او ر بھی اچھی بات ہے کہ تم شادی شدہ ہو مجھے بھی تم سے بہت کُچھ سیکھنے کو مل جائے گا اور رہی ایگزام کی بات تو وہ تم مجھ پہ چھوڑ دو،  بس تم اتنا کرو،  میرے کورے وجودمیں اپنے نفس کے قلم کی ساری رنگینیاں اُنڈیل دو جس کے جرثومے میرے وجود میں سرایت کر کے ایک نیاطوفان اُٹھا دیں گے اور تم پاس ہو جاؤ گے۔ 

                  اور پھرنیلم کے مہندی لگے خوبصورت ہاتھوں نے کُتے کا وہ رنگین پٹہ میر ی گردن میں ڈال دیا تھا،اور میں خوش تھا بہت خوش تھا جیسے میرے خیالات کی تکمیل ہو رہی ہو،جیسے میرے خواب حقیقت کا کفن اُوڑھ رہے ہوں...

                لیکن میں یہ اچھی طرح سے جانتا ہوں کہ خواب کبھی حقیقت کا کفن نہیں اُوڑھتے اور زندگی بے لباس ہو جاتی ہے۔

                نیلم باتوں ہی باتوں میں مجھے اپنی حویلی کے باہروسیع اور عریض لان تک لے آئی تھی۔

                 حویلی کے مین گیٹ پہ جلی حروف میں لکھا تھا۔ (BEWARE  OF  DOG)               

                ایک لمحے کے لئے میں چونکا اور خوف سے تھرّا گیا لیکن جب میری نگاہ میری ہی گردن  پہ جُھولتے ہوئے  رنگین پٹے پہ پڑی تو فوراََ سنبھل بھی گیا اور فخر محسوس کرنے لگا کہ کُتے کا رنگین پٹہ تو میری گردن میں جُھول رہا ہے تو پھر کس کُتے کا ڈر،سامنے آویزاں قدآدم میرر  پر جب میری نگا ہ پڑی میں خود کو پہچاننے سے قاصر تھا۔میری گردن کے اوپر میرا چہرہ گولڈن بالوں والے  کُتے کی شکل میں تبدیل ہو چُکا تھااور میری گردن میں رنگین پٹہ جُھول رہا تھا اور میں مسکرا رہا تھااور میری پُشت پہ نیلم بھی مسکرا رہی تھی۔                                       

             سفید بالوں والے اُس کُتے کو نیلم نے اُس وقت ہی آزاد کر دیا تھا جب وہ پہلی بارمیری شخصیت سے متاثر ہوئی تھی اور پھر میری سُرخ ہوتی ہوئی آنکھوں میں خوشیوں کے سانپ ناچنے لگے تھے.......

                حویلی میں مکمل سکوت چھایا ہوا تھا۔ مالی پھولوں کی کیاریوں کی آبپاشی کر رہا تھا حویلی کے سارے نوکر چاکر اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔کسی کا بھی دھیان میری طرف نہیں تھا،جیسے میرا یہاں آنا کوئی نئی بات نہیں ہو۔

                ”اب اندر آؤ گے بھی یا  وہیں کھڑے کھڑے لوٹ جاؤ گے۔“

                نیلم مجھے حویلی میں لے آئی تھی۔

              شام  ڈھلنے لگی تھی۔اور سورج کی لالی نیلم کی آنکھوں میں اُتر آئی تھی،اُس کی آنکھیں سُرخ ہونے لگی تھیں، جیسے وہ نشے کی عادی ہو۔جب وہ کمرے میں دوبارہ واپس لوٹی تو حویلی کا نوکر اُس کی  پُشت پہ موجود تھا اُس کے ہاتھوں میں خوبصورت سے ٹرے میں رنگین مشروب کے دو گلاس سجے ہوئے تھے  اُسی ٹرے میں ایک مرغ مسلم کچھ اس انداز سے سجا یا گیا تھا کہ مجھے محسوس ہو رہا تھا جیسے نیلم مکمل  برہنہ بستر پہ دراز ہے اور ا س کی دونوں ٹانگیں اوپر اُٹھی ہوئی ہیں۔ نوکر ٹرے سینٹر ٹیبل پہ رکھ کر جا چُکا تھا۔ نیلم نے ایک گلاس میری طرف بڑھاتے ہوئے کہا آج کی شام تمہارے نام۔

                اوردوسرے گلاس کا وہ رنگین مشروب اُس نے  ایک ہی سانس میں اپنے اندراُتار لیا۔ اندرون میں اُترتا ہوا  رنگین مشروب اُس کی آنکھوں میں چڑھنے لگا تھا  اور آنکھیں اور بھی سُرخ ہونے لگی تھیں اور اُس کے ساتھ ہی  اُس کی آنکھیں کافی نشیلی ہو گئی تھیں۔ مغربی لباس جو پہلے سے ہی اُس کے خوبصورت جسم کے نشیب و

فراز کوعیاں کر رہے تھے شراب کے نشے نے اُسے اور بھی دوبالا کر دیا

تھا

۔                O MAN WHAT ARE YOU THINKING.DRINK  IT          

                ”میں...... میں شراب نہیں پیتا “  

                شراب نہیں پییو گے تو شباب کا مزہ کیسے لو گے۔ اتنا کہتے ہوئے نیلم میرے بالکل قریب آ گئی تھی، اتنا قریب کہ میں اُس کی گرم ہوتی ہوئی سانسوں کو اپنے چہرے پہ محسوس کر رہا تھا۔ پھر میری سانسیں نیلم کی گرم ہوتی ہوئی سانسوں میں گُڈ مُڈ ہونے لگی تھیں۔ شراب کا گلاس اب بھی میرے ہاتھ میں تھا اُس کے خوبصورت جسم سے اُٹھتی ہوئی تیز پر فیوم کی خوشبومجھے  مد ہوش کئے جارہی تھی کہ اچانک کُتے کے غُرانے اور بھونکنے کی ملی جُلی آواز نے مجھے ہوش میں لا دیا، کُتے کی بھونکنے کی مسلسل آوازیں میرے کانوں میں بازگشت بن کر گونجنے لگیں میرے ہاتھ سے شراب کا گلاس چُھوٹ کر فرش پہ جاگرا اور ٹوٹ کر  چُور چُورہو گیا جیسے میرے خواب ٹوٹ کر ریزہ ریزہ ہو گئے ہوں، بکھربکھر گئے ہوں۔ 

                 میں کافی گھبرا گیا تھا۔

                پھراچانک وہ منظر مجھے پاگل کر دینے کے لئے کافی تھا وہ سفید بالوں والا کُتا کافی غُصیلے انداز میں ہم دونوں کی طرف غُراتا ہوا دیکھ رہا تھا اور زور زور سے بھونک بھی رہا تھا۔اُس کے جبڑے سے رال ٹپک رہا تھا۔

                دفعتاَ وہ جھپٹا اور نیلم کے خوبصورت جسم کو بھنبھوڑنے لگا۔ نیلم کی چیخیں پوری حویلی میں گونجنے لگیں۔سارے نوکر چاکر دوڑکر اکٹھاہوگئے تھے ۔

                کُتا اب میری طرف دیکھ کر بھونک رہا تھا۔اور میں نوکروں کی بھیڑمیں گُم ہوجانے کی کوشش میں سرگرداں تھا  لیکن میری گردن کے اوپر میرا چہرہ گولڈن بالوں والے کُتے کی شکل میں تبدیل ہو چُکا تھا اور انسانوں کی اس بھیڑ میں،میں اپنی پہچان کی تلاش میں بھٹک رہا تھا۔ کُتا اب بھی بھونک رہا تھا۔

                اُسے اس طرح بھونکتا دیکھ کر مجھے ایسا لگا کہ وہ کہہ رہا ہو کہ جب میں پہلے سے یہاں موجود ہوں تو تمہیں آنے کی ضرورت کیا تھی۔

                ایک لمحے کے لئے خاموش رہ کر کُتا اچانک زور سے بھونکا میں گھبرا گیا۔اسی گھبراہٹ میں میری گردن پہ پڑا ہوا پٹہ فرش پہ جا گرا۔کُتے نے اُس پٹے کو اپنے جبڑے میں دبا کر نیلم کے زخمی ہاتھوں پہ رکھ دیا اور اُس کی گود میں سر رکھ کر کُوں کُوں کرنے لگا۔

 

مہتاب عالم پرویزؔ

(کویت)

Read 4773 times

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.

Latest Article

Contact Us

RAJ MAHAL, H. No. 11
CROSS ROAD No. 6/B
AZAD NAGAR, MANGO
JAMSHEDPUR- 832110
JHARKHAND, EAST SINGHBHUM, INDIA
E-mail : mahtabalampervez@gmail.com

Aalamiparwaz.com

Aalamiparwaz.com is the first urdu web magazine launched from Jamshedpur, Jharkhand. Users can submit their articles, mazameen, afsane by sending the Inpage file to this email id mahtabalampervez@gmail.com, aslamjamshedpuri@gmail.com