اردو افسانہ فورم کے عالمی افسانہ میلہ کی ناقابل یقین پذیرائی
ابرار مجیب
اردو افسانہ فورم کے عالمی افسانہ میلہ کی ناقابل یقین پذیرائی اور کامیابی پر ہم فورم کے تمام ممبران ، میلہ کے شرکا افسانہ نگار ، تبصرہ نگار اور ناقدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں. افسانہ کے تعلق سے ہند و پاک میں ایک مایوسی کی فضا پائی جاتی ہے، اس بات کا اکثر رونا رویا جاتا ہے کہ شاعری نے اردو ادب کو اپنے شکنجے میں کس رکھا ہے اور افسانہ نگاری دم توڑ رہی ہے . اس کی بڑی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ نۓ لکھنے والے سامنے نہیں آ رہے ہیں. لیکن عالمی افسانہ میلہ میں شریک ہونے والے تازہ واردان ادب کو دیکھیں تو یہ بات کھل کر سامنے آ جاتی ہے کہ نئے لکھنے والوں کی کمی نہیں ہے. اتنی کثیر تعداد میں افسانہ نگار سامنے آئے ہیں کہ حیرت سے آنکھیں پھٹ جاتی ہیں. اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ فنکاروں کے ابھر کر نہ آنے کی وجہ یہ نہیں ہے کہ نوجوانوں میں افسانہ نگاری سے بے رغبتی ہے بلکہ اردو کے ادبی رسالوں کی وہ برسوں پرانی فیوڈل ذہنیت ہے جس کے تحت نئے لکھنے والوں کو بہ مشکل ہی اس جنّت میں داخلہ ملتا ہے . اردو کے ادبی رسالوں کو اقربا پرستی اور تعلقات کی سطح سے بلند ہو کر تازہ اذہان کی دریافت کا کام کرنا چاہیئے، اسی طرح ناقدین کو بھی سیف گیم کی ذہنیت سے نکل کر نیے لکھنے والوں پر بھی لکھنے کا رسک لینا چاہیے. آپ کوئی بھی معتبر رسالہ اٹھا کر دیکھ لیں وہی چند پرانے نام بار بار نظر آئیں گے. من ترا حاجی بگویم تو مرا حاجی بگو کا ماحول ہے سارا . کیا کوئی ہمیں بتائے گا کہ اس میلہ میں نیے ناموں کا ایک طوفان کیوں نظر آ رہا ہے. معیار کے لحاظ سے بھی یہ افسانے بہترین ہیں . اردو افسانہ فورم مذکورہ پس منظر میں عالمی افسانہ میلہ کو ایک کامیاب پروگرام تصور کرتا ہے .
یوں تو تمام احباب نے میلہ میں بڑھ چڑھ کر شراکت کی ، افسانے پڑھے، افسانے پیش کیے، بصیرت افروز تبصرے کئے. اس سلسلے میں ہم کچھ خاص دوستوں کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جو شروع سے آخر تک بیحد فعال رہے. ہم ان کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے اپنا افسانہ پیش کیا لیکن پھر لا پتہ ہو گئے. ہم ان مہمان خصوصی کے بطور خاص ممنون ہیں جنکے نام ہمارے بینر کی زینت تھے مگر وہ خود عا لم غیاب میں رہے.
اردو افسانہ فورم آنے والے دنوں میں فن اور فنکار کے حوالے سے خصوصی مطالعات کا ایک نیا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اگلے دو ہفتہ تک ہم فورم پر کوئی نیا افسانہ نہیں لگائیں گے، ان دوہفتوں میں میلہ میں پیش کئے گئے افسانوں پر اظہار خیال کا سلسلہ جاری رہے گا، میلہ کے دوران کل 100 افسانے پیش کئے گئے۔
ہمیں امید ہے آپ کا تعاون ہمیں حاصل رہے گا.
اعلان کے مطابق آج ہم عالمی افسانہ میلہ کے اختتام کا اعلان کرتے ہیں. انتظامیہ ایک بار پھر آپکا انتہائی ممنون و مشکور ہے .
ابرار مجیب