ڈاکٹر اسلم جمشید پوریؔ کو افسانہ کلب،مالیر کو ٹلہ، پنجاب کا باوقار ’’منٹو ایوارڈ2015“ پیش کیا گیا
میرٹھ (12 مئی): نئی نسل کے ممتاز افسانہ نگار،صحافی، ناقداور صدر شعبہ اردو،چودھری چرن سنگھ یونیور سٹی،میرٹھ ڈاکٹر اسلم جمشید پوریؔ کو مالیر کوٹلہ کلب،پنجاب میں با وقار ’’منٹو ایوارڈ 2015“سے سرفراز کیا گیا۔
ڈاکٹر اسلم جمشید پوریؔ کو اردو افسانے کی ترقی وفروغ کے لئے،ہندوستان کی معروف تنظیم افسانہ کلب،ملیر کوٹلہ کی جانب سے یہ اعزاز پروفیسر صغیر افراہیم(مدیر، تہذیب الاخلاق)،محترم امجد علی(چیئر مین،سہراب گروپ آف کمپنیز)،محترم سکھ دیو سنگھ گریوال(امریکا)،محترم نگیندر پال،محترم بشیر مالیر کوٹلوی(صدر،افسانہ کلب) کے دستِ مبارک سے، دو روزہ کل ہند سیمینار ”اردو کے سکھ افسانہ نگار“ کے افتتاحی اجلاس میں دیا گیا۔
واضح ہو کہ پہلا منٹو ایوارڈ اردو کے معروف افسانہ نگار محترم شرون کمار ورما کو دس سال قبل دیا گیا تھا۔دوسرا منٹو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے افسانہ کلب کے صدر محترم بشیر مالیر کوٹلوی نے کہا ”یہ ایوارڈ اردو افسانے کے فروغ میں عملی تعاون دینے والے لوگوں کو دیا جاتاہے۔ڈاکٹر اسلم جمشید پوری ؔنے نہ صرف افسانے تحریر کر کے نئی نسل میں اپنا مقام بنایا ہے،بلکہ انہوں نے افسانے کے فن پر متعدد قومی اور بین الاقوامی،سیمینار اور ورکشاپ منعقد کرائے ہیں اور کئی طالب علموں کو افسانے کے تعلق سے تحقیق بھی کرائی ہے۔کئی طالب علم افسانے بھی لکھ رہے ہیں۔وہ اس منٹو ایوارڈ کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر معروف فکشن ناقد پروفیسر صغیر افراہیم،ڈاکٹر نگار عظیم،محترم حقانی القاسمی،ڈاکٹر ابو بکر عباد،ڈاکٹر شاداب علیم،ڈاکٹر آصف علی،مشتاق احمد وانی،عزیز عباس، وغیرہ ادبی شخصیات نے ڈاکٹر اسلم جمشیدپوری ؔکو مبارکباد پیش کی۔