غزل
محمدقسیم اختر، مدیر( اعزازی)
At. Bahadarpur
P.o. Amour, Distt. Purnea
Pin 854315 (Bihar) Mob. 9470120116
بڑھنے لگی ہے گرمئ بازار کیا کریں
حیرت زدہ ہیں آج خریدار کیا کریں
فصل بہار آئی سماں کیف کا لئے
بجنے لگے ہیں جسم کے ہر تار کیا کریں
کالی گھٹا نے جب ڈھکا ماہِ تمام کو
باد نسیم تھم گئی دیدار کیا کریں
عشقِ بتاں ہو عشقِ خدا ہو کہ آپ ہوں
خونِ جگر کے سب ہیں طلبگار کیا کریں
چشمِ خموش کانپتے لب دیکھے آپ نے
اب تشنگی کے ذوق کا اظہار کیا کریں
آیا ہے لیس ہو کے وہ اسبابِ قتل سے
دکھتے نہیں ہیں جینے کے آثار کیا کریں
بجلی گرا دو خاک ہوا چاہتے ہیں ہم
درد جگر سے آج ہیں لاچار کیا کریں
دستِ ستم میں آپ ہی خنجر کو رکھ دیا
یارو بتاؤ مجھ سے یہ فنکار کیا کریں
رعنائیاں وشوخیاں سب اس سے جا ملیں
کوئی نہیں ہے اپنا طرفدار کیا کریں
اخترؔ وفورِ درد سے ہم مسکرادئے
ورنہ ہے دل میں زخم کی بھرمار کیا کریں۔