الثلاثاء, 20 تشرين1/أكتوير 2015 22:41

خوف :ناصرملک

Rate this item
(0 votes)

 خوف

 ناصرملک

          ہماری ریسکیو ٹیم جانکاہ مشقت کے بعد سیلابی پانی میں گھرے اس مکان تک پہنچی تھی۔ میں حیرانی سے پانی کے عفریت میں گھرے ہوئے اس گھر کے مکینوں کو دیکھ رہا تھا۔ بوڑھا واحد بخش، اس کی بیوی زیناں، دو بیٹیاں۔ ایک کی عمر پانچ، دوسری کی چودہ پندرہ ۔۔۔۔دونوں بہنوں کو بھائی کی محرومی کا دُکھ قدرت نے دیا تھا۔ میں حیران تھا کہ وہ اپنا گھر چھوڑ کر کیمپوں میں کیوں نہیں گئے تھے۔ شاید ان تک کوئی پہنچا ہی نہیں تھا۔ میں نے دیکھا کہ گھر کا سارا سامان تین ریسکیو ورکرز، دو ملاحوں اور واحد بخش نے لانچ میں لاد دیا مگر کھانے پینے کا سامان اور برتن چھپر کے نیچےجوں کے توں پڑے تھے۔ "یہ بھی لاد دو ناں!" واحد بخش نے اپنی بیوی کی طرف دیکھا۔ وہ بولی، "نہیں جی! یہ یہیں رہے گا۔ آپ وہ سامان لے جاکر کہیں محفوظ کر دیں۔ پانی اُتر گیا تو ہم آ کر لے لیں گے۔" میں بھونچکا رہ گیا، "کیا مطلب؟ کیا تم لوگ ہمارے ساتھ نہیں جائو گے؟" اس نے پھر انکار میں سر ہلایا۔ بولی، "نہیں جی! ہم ادھر ہی ٹھیک ہیں۔" میں نے اصرار کیا۔ وہ نہ مانی۔ پوچھا، "آخرکیا وجہ ہے؟ یہاں ایسا کیا ہے کہ تم لوگ جانے پر تیار نہیں ہو؟" وہ بتانا نہیں چاہتی تھی مگر میرے شدید اصرار پر بولی، "تین سال پہلے، بڑے سیلاب میں ہم بند پر بنے امدادی کیمپ میں گئے تھے۔ ہمارا خاندان بھی۔ وہاں ہم لوگ کھانا کھاتے تھے اور ساری رات بے ہوشوں کی طرح سو جاتے تھے۔ بڑی گہری نیند آیا کرتی تھی۔ پھر تین ماہ بعد ہمارے خاندان میں کئی پیٹ پھول گئے تو پتہ چلا کہ نیند اتنی گہری کیوں آیا کرتی تھی۔" میری اوپر کی سانس اوپر اور نیچے کی سانس نیچے رہ گئی۔ "بابو! تب میری بچیاں چھوٹی تھیں۔"میں نے بے ساختہ اس کی بڑی بیٹی کو دیکھا، پھر بوڑھی عورت کو، جو کبھی مجھے دیکھتی تھی اور کبھی اپنی بیٹی کو ۔۔۔

Read 3145 times

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.

Latest Article

Contact Us

RAJ MAHAL, H. No. 11
CROSS ROAD No. 6/B
AZAD NAGAR, MANGO
JAMSHEDPUR- 832110
JHARKHAND, EAST SINGHBHUM, INDIA
E-mail : mahtabalampervez@gmail.com

Aalamiparwaz.com

Aalamiparwaz.com is the first urdu web magazine launched from Jamshedpur, Jharkhand. Users can submit their articles, mazameen, afsane by sending the Inpage file to this email id mahtabalampervez@gmail.com, aslamjamshedpuri@gmail.com