الجمعة, 13 شباط/فبراير 2015 13:08

طرزِبیان کے معاملے میں اردو کہانی ہندی سے بہت آگے ہے: ڈاکٹر اسلم جمشید پوری

Rate this item
(0 votes)


 طرزِبیان کے معاملے میں اردو کہانی ہندی سے بہت آگے ہے۔ ۔  ڈاکٹر اسلم جمشید پوری

 شعبہ ء اردو ،موہن لال سوکھاڈیہ یونیورسٹی ،اودے پور،راجستھان ،میں’’ہم  عصر اردو۔ہندی کہانی ‘‘مو ضوع پر توسیعی خطبہ
 اودے پور ,انڈیا: رپورٹ۔شہناز(ریسرچ اسکالر)

اردو افسانہ آج کے معاصر سماج کی مکمّل عکاسی کے فرائض پوری ذمہ داری سے ادا کر رہا ہے۔پریم چند نے اردو افسانے کو جو زمین فراہم کی تھی اس کی بنیادوں پر آج اردو افسانے کی عالی شان عمارت کھڑی ہے۔‘‘یہ جملے ڈاکٹر اسلم جمشید پوری کے تھے،وہ شعبہ ء اردو ،موہن لال سوکھاڈیہ یونیورسٹی ،اودے پور،راجستھان ،میں’’ہم عصر اردو۔ہندی کہانی ‘‘مو ضوع پر توسیعی خطبہ پیش کررہے تھے۔ڈاکٹر اسلم جمشید پوری نے اس موقع پر مزید کہا کہ گلوبلائزیشن کے ساتھ زندگی کے بدلتے ہوئے منظر نامے کا بیان ہو یا نئی طرزِ معاشرت سے پیدا ہونے والی برائیاں ہوں یا ان کے مثبت پہلو، اردو افسانے نے سب کچھ اپنے موضوعات میں سمیٹ لیا ہے۔دہشت گردی ‘فرقہ وارانہ فسادات ،صارفیت‘ ماحولیات ،آبی تحفظ ،آنر کلنگ ،علاقائیت ،رشتوں کی بکھرتی کرچیاں ، ٹوٹتے خاندان، غرض سب کچھ آج کی اردو کہانی میں بیان ہو رہاہے۔ اردو ۔ہندی کہانی کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندی کہانی میں موضوعات کا تنوع اردو سے زیادہ ہے۔جبکہ بیانیہ اردو کہانی کے پاس ہے۔طرزِبیان کے معاملے میں اردو کہانی ہندی سے بہت آگے ہے۔ اسی لئے اردو کہانی پڑھنے اور خاص کر سننے میں بہت مزہ دیتی ہے۔ 
خطبے کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر آی وی تریویدی نے کی ۔پروفیسر فریدہ شاہ،ڈین فیکلٹی آف ،آرٹس،معروف افسانہ نگار ڈاکٹر نگار عظیم (دہلی)بطور مہمانانِ ذی وقار موجود تھیں۔صدر شعبہ ء اردو ،پروفیسر فاروق بخشی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اردو کے لئے راجستھان میں فضا ساز گار ہو رہی ہے جس کا ثبوت اس جلسے میں وائس چانسلر پروفیسر آئی۔ وی ۔ترویدی کی موجودگی ہے۔ موصوف اردو کے تئیں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ڈاکٹر اسلم جمشید پوری اردو کے معروف افسانہ نگار اور ممتاز فکشن ناقدہیں۔ان کی متعدد کتابیں شائع ہو کر مقبول ہو چکی ہیں۔ہماری دوسری مہمان ڈاکٹر نگار عظیم ہمارے عہد کی مقبول افسانہ نگار ہیں۔
صدارتی خطبہ دیتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر آئی۔ وی۔ ترویدی نے اپنے مخصوص انداز اور لب ولہجے میں کہا کہ اردو ایک رعب دار زبان ہے۔اور میں ہمیشہ اردو والوں کو قابلِ رشک سمجھتا رہا ہوں۔آج کا لکچر بہت معلوماتی تھا۔اسلم صاحب نے بڑی فنکاری سے اردو ہندی کہانی کا جائزہ پیش کیا۔اس کامیاب پروگرام کے لئے میں شعبہ ء اردو اور پروفیسر فاروق بخشی کومبارکباد پیش کر تا ہوں۔یوں بھی جب سے نے پروفیسر فاروق بخشی نے اس شعبہ کی باگ ڈور سنبھالی ہے ،اس کی ترقی میں نئے باب وا ہو ئے ہیں۔ میرا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔
جلسے میں مہمان خصوصی ڈین آرٹس فیکلٹی پروفیسر فریدہ شاہ نے ڈاکٹر اسلم جمشید پوری کے خطبے کو یادگار قرار دیا ۔معروف افسانہ نگار ڈاکٹر عظیم نے ،خواتین افسانہ نگاروں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کئی طالب علموں نے اس موقع پر سوالات بھی کئے جن کے اسلم جمشید پوری نے تشفی بخش جوابات دئے۔ جلسے کی نظامت ڈاکٹر رئیس احمد نے کی اور اظہارِ تشکّر ڈاکٹر حدیث انصاری نے کیا۔
اس موقع پر پروفیسرہاڑ،پرفیسر نیرج ،پروفیسر ترکھا،ڈاکٹر ترانہ پروین ،ڈاکٹر سیما ملک ،ڈاکٹر شاہد پٹھان ،شاہد عزیز، الحاج محمد حسین بنا،مشتاق چنچل ،شبنم جلال ،ایم اے اردو،ایم اے ہندی کے طلبہ و طالبات اور رسرچ اسکالرز خاصی تعداد میں موجود تھے۔ 

 

Read 1874 times

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.

Latest Article

Contact Us

RAJ MAHAL, H. No. 11
CROSS ROAD No. 6/B
AZAD NAGAR, MANGO
JAMSHEDPUR- 832110
JHARKHAND, EAST SINGHBHUM, INDIA
E-mail : mahtabalampervez@gmail.com

Aalamiparwaz.com

Aalamiparwaz.com is the first urdu web magazine launched from Jamshedpur, Jharkhand. Users can submit their articles, mazameen, afsane by sending the Inpage file to this email id mahtabalampervez@gmail.com, aslamjamshedpuri@gmail.com