معین شاداب اور شاہد انجم اکیسویں صدی کے ممتاز شاعر: ڈاکٹر اسلم جمشید پوریؔ
(پریس ریلیز)
میرٹھ6/ ستمبر2017ء
چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں اس سیشن کی پہلی ہفت روزہ ادبی محفل کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں اردو کے دو مشہورو معروف شاعر معین شاداب اور شاہد انجم نے بطور مہمان شر کت کی۔ صدارت کے فرائض صدر شعبہ اردو ڈاکٹر اسلم جمشید پوریؔ نے انجام دیے اورنظا مت ڈا کٹر آصف علی نے کی۔ شعبے میں ان کا استقبال ڈا کٹر شاداب علیم نے کیا۔ محفل کا آغاز شو بی زہرا نقوی نے نعت پاک سے کیا۔ ڈاکٹر اسلم جمشید پوریؔنے محفل کے آ خر میں اپنے صدارتی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معین شاداب اور شاہد انجم اکیسویں صدی کے ممتاز شعرا ہیں۔ ان کے یہاں نئی لفظیات، ترا کیب اور نیا لب و لہجہ ملتا ہے جو انہیں اپنے عہدکے شعرا میں ممتاز کرتا ہے۔دونوں مہمان شاعروں نے اپنے کلام سے سامعین کو خوب مسحور کیا اور خوب داد و تحسین حاصل کی۔ منتخب اشعار قارئین کے پیش نظر ہیں ؎
شکست جس کا نصیب ہو گی کچھ اس کا سوچو
تمہارا کیا ہے تمہیں تو سکہ اچھالنا ہے
؎
یہ کس کی سانسوں کو خوشبو گراں گزرتی ہے
یہ کون گملوں میں تیزاب ڈال دیتا ہے
معین شاداب
جو اب کے ٹوٹ گیا تو بکھر بھی سکتا ہوں
بچھڑ کے تم سے میں اس بار مر بھی سکتا ہوں
ضرورتیں مجھے پاگل بنائے رہتی ہیں
میں اپنے آپ کو نیلام کر بھی سکتا ہوں
؎
پھولوں کو زعفران کی خوشبو نے ڈس لیا
بچوں کو سانپ نے نہیں سادھو نے ڈس لیا
شاہد انجم
آخر میں پی ایچ ڈی کی طالبہ شبستاں پروین نے مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام میں آفتاب عالم،محمد شمشاد،وشو دیپ سدھارتھ، فرحین،شفالی،شاداب علی،فر حانہ پروین،گلستہ،گلناز،تسلیم جہاں، سعید احمد سہارنپوری وغیرہ موجود رہے